وزیراعظم کا صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ملک کے معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے کو ریلیف فراہم کرنا اور پیداوار کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ حکومت کا بنیادی کردار خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی، اس لیے حکومت ایسے فیصلے کررہی ہے، جن سے صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کو سہولت ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اب گروتھ کی جانب لے جانا ناگزیر ہوچکا ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔ وزیراعظم کے مطابق تاجر اور صنعت کار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر بہتر معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی پالیسیوں کی تیاری میں تاجر برادری سے مشاورت کو یقینی بنائے گی، تاکہ فیصلے زمینی حقائق کے مطابق ہوں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی اعتماد اور مسلسل رابطے کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں لے جایا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان تعاون سے ملکی ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں۔ تمام ادارے ایک پیج پر آچکے ہیں اور اس ہم آہنگی کے مثبت اثرات معیشت اور کاروباری ماحول پر واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صنعتوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ صنعتی شعبہ مستحکم ہو اور قومی معیشت کو تقویت مل سکے۔

Electricity Rate Reduce AnnoucementFor IndustriesPM Shehbaz Sharif