اسلام آباد: بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں 12 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 9 ڈالر کمی سے 117 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 38 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب روپے کی قدر میں مسلسل اضافے سے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومت 15 اکتوبر کو کرے گی۔
خیال رہے کہ نگراں حکومت نے 30 ستمبر کو پٹرول کی قیمت میں 8 روپے کمی کی تھی جس کے بعد نئی قیمت 323.38 روپے ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 11 روپے سستا ہو کر 318.18 روپے میں دستیاب ہے۔