لاہور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کے موبائل فون کی فارنزک رپورٹ نجی ٹی وی کو موصول ہوگئی۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ فارنزک رپورٹ کے مطابق ملزم نوید کے فون سے 2 مختلف کمپنیوں کی سمز برآمد ہوئی ہیں، ملزم کے پاس ایک نمبر ‘نا ہے، نا ہوگا نہ رہے جی‘ کے نام سے محفوظ تھا، ملزم کے فون سے 138 فون نمبرز اور 1869 کالز کا ریکارڈ ملا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم کے فون سے 337 ایس ایم ایس، 1956 تصاویر اور 212 ویڈیوز ملی ہیں جب کہ ملزم کے فون سے ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا ریکور نہیں کیا جاسکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم نوید کے فون کی آڈیو اور ویڈیو کی ڈی وی ڈی بناکر جے آئی ٹی کے حوالے کردی گئی ہے، ملزم کے فون میں تھائی لینڈ کا ایک نمبر اور 2 مقامی نمبر تفتیش کے لیے اہم ہیں۔