کراچی: آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ہزاروں پٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے ایسوسی ایشن نے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کیلئے مراسلہ بھیج دیا ہے، 6 مارچ کو بھی مراسلہ بھیجا گیا تھا لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ پٹرولیم سیکٹر کو آپریشنز، مالی مشکلات، قیمتوں اور اچانک پالیسی تبدیلیوں کا سامنا ہے، حکومت پالیسی سازی میں صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے، ملک بھر کے 14 سے 15 ہزار پٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں پٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے، پٹرول پمپ بندش کی صورت میں پاکستان میں شدید فیول بحران کا خدشہ ہے، ممکنہ بحران کی ذمے داری وزارتِ پٹرولیم پر عائد ہوگی۔