راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے یومِ تکریم شہداءِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جس میں دونوں کرکٹرز نے یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جس میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) ندیم رضا، مفتی منیب الرحمان سمیت معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکار، طلباء، اساتذہ اور معاشرے کے ارکان شامل تھے۔
ملک بھر میں اس دن کی یاد میں قرآن خوانی اور دعاؤں پر مشتمل متعدد تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔