پاکستانی میوزک پروڈیوسر نے تین گلوبل میوزک ایوارڈز اپنے نام کرلیے

کیلیفورنیا: پاکستان سے تعلق رکھنے والے میوزک پروڈیوسر شریف اعوان نے کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والے گلوبل میوزک ایوارڈز کے تین ایوارڈز اپنے نام کرلیے، اُنہیں اپنے میوزک اِن کووڈ ٹائمز کے عنوان سے البم میں غیر معمولی پروڈکشن کے لیے ایوارڈز سے نوازا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق گلوبل میوزک ایوارڈز کلاسیکل، فیوژن، فوک موسیقی میں شاندار فنکارانہ صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کے لیے جانا جاتا ہے اور اب گلوبل میوزک ایوارڈز نے پاکستانی میوزک پروڈیوسر شریف اعوان کو اپنے اعلیٰ ترین ایوارڈز عطا کیے ہیں۔
تہذیب فاؤنڈیشن کے بینر تلے تیار کیے گئے موسیقی اِن کووڈ ٹائمز البم کو گلوبل میوزک ایوارڈ کی جانب سے (Creativity/Originality) کی کیٹگری، بہترین البم اور بہترین پروڈیوسر کی کیٹگری میں ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔
ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ جب تہذیب فاؤنڈیشن کے کام کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہو، اس سے قبل سال 2016 کے گلوبل میوزک ایوارڈ میں انڈس راگ– بیونڈ بارڈرز نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا، اس کے علاوہ انڈس راگ– بیونڈ بارڈرز نے سال 2015 میں گریمی ایوارڈز میں پاکستان کی پہلی انٹری کے طور پر تاریخ رقم کی تھی۔
بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والے پاکستانی میوزک پروڈیوسر شریف اعوان نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی کی جیت پر بہت زیادہ خوش ہوں۔
شریف اعوان نے مزید کہا کہ میں پاکستان، بھارت، جرمنی اور برطانیہ کے اُن تمام فنکاروں کو مبارک باد دیتا ہوں جنہوں نے میرا البم بنانے میں تعاون کیا۔

 

Pakistani Music ProducerUnited statesWins three Global Music Awards