اسلام آباد: عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر) کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے علی نواز اعوان اور جماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور ہائی کورٹ نے پٹیشنز منظور کرلیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیصلہ سنایا اور الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 31 دسمبر کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں عدالت نے حکم دیا کہ وفاقی حکومت انتخابات یقینی بنانے سے متعلق الیکشن کمیشن کی معاونت کرے۔
عدالت نے وزارت داخلہ کا 19 دسمبر اور الیکشن کمیشن کا 27 دسمبر کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا۔