اسلام آباد: وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ نارتھ فری زون گوادر کے پہلے زون سے 35 گنا زیادہ بڑا انڈسٹریل زون ہے، چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے انڈسٹریل زون میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری متوقع ہے، وفاقی حکومت کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں بلوچستان کے لئے کل 1200ارب کے منصوبے شامل ہیں۔
گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ نارتھ فری زون گوادر کے پہلے زون کے مقابلہ میں 35 گنا بڑا انڈسٹریل زون ہے جس میں چینی سرمایہ کاروں نے بھرپور سرمایہ کاری کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں منعقدہ تقریب میں شریک سرمایہ کاروں کی جانب سےبتایا گیا کہ انڈسٹریل زون میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نومبر 2020 میں جنوبی بلوچستان کے لئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا تھا اور اپنے دورہ گوادر کے موقع پر وزیراعظم نے پیکج پر پیش رفت کا جائزہ لیا ہے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے 600 ارب روپے سے زائد کے پیکیج سے 53منصوبے اس سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو انٹرنیٹ کی جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں بلوچستان کے لئے کل 1200ارب کے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس پیمانے پر ترقیاتی کام پاکستان کی تاریخ میں پہلے نہیں ہوا۔ وفاقی حکومت صوبے میں ترقیاتی کام بلوچستان حکومت کی شراکت سے کر رہی ہے اوروزیراعلیٰ جام کمال صوبہ کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جس طرح ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ گوادر میں سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے چین اور پاکستان تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہیں گے، چین روڈ اینڈ بیلٹ اینیشیٹو کے تحت نہ صرف اپنے ملک کو ترقی بلکہ خطے کے دیگر ممالک کی ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے۔