لندن: برطانیہ کے نئے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کرلی ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کئیر اسٹارمر نے کہا کہ وہ ابھی شاہی محل سے واپس آئے ہیں اور انہوں نے بادشاہ چارلس کی جانب سے ملک میں حکومت بنانے کی دعوت قبول کرلی ہے۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک نے تبدیلی اور قومی تجدید کے لیے فیصلہ کُن ووٹ دیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، برطانیہ کو ایک بار پھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے۔
سر کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ آپ کی حکومت ہر شہری کو احترام کی نگاہ سے دیکھے گی، ہماری حکومت ان سب کے لیے کام کرے گی، جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا اور جنہوں نے نہیں دیا۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے اعتماد میں کمی کا ازالہ عملی اقدامات سے کرنے کی ضرورت ہے۔
کیئر اسٹارمر نے اپنی گفتگو میں سابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا بھی شکریہ ادا کیا۔