لندن: گزشتہ کئی برس سے دنیا کی سب سے قیمتی چائے کی کیتلی کا تذکرہ جاری ہے، تاہم اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے باضابطہ اس کی تائید کردی ہے۔
اس قیمتی کیتلی کو دی ایگوئیسٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس وقت یہ این سیٹھیا فاؤنڈیشن کے پاس ہے جو 18 قیراط سونے پر مشتمل ہے، جس پر قیمتی ہیرے بھی لگائے گئے ہیں۔ 9 اگست کو اس چمکتی دمکتی کیتلی کو گنیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ نے دنیا کی سب سے مہنگی کیتلی کی باقاعدہ سند دی ہے۔ اس کیتلی کی قیمت 88 کروڑ روپے سے بھی زائد بتائی جاتی ہے۔
اس کیتلی کے مرکز میں 6.67 قیراط کا یاقوت (روبی) پتھر لگا ہوا ہے۔ تاہم تراشیدہ ہیروں کو انتہائی مہارت سے کاٹ کر لگایا گیا ہے۔ کیتلی کا ایک حصہ معدوم شدہ بالوں والے ہاتھی (میمتھ) کے دانتوں سے بنایا گیا ہے جو اس کی نایابی مزید بڑھاتا ہے۔ اس کے اطراف 18 قیراط سونے اور اس کا پانی چڑھایا گیا ہے۔ کیتلی کے اندر کا حصہ بھی سونے پرمشتمل ہے۔
اس کے مالک نرمل سیٹھیا ہیں جو بھارت سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت برطانیہ میں رہائش پذیر اور ایک فاؤنڈیشن بھی چلاتے ہیں۔ یہ شاہکار کیتلی اٹلی کے مشہور فنکار فلویو اسکیویا نے ڈیزائن کی ہے، جس کے اخراجات سیٹھیا کی کمپنی نے برداشت کیے۔
کیتلی پر کل 1658 ہیرے نصب ہیں جب کہ یاقوت بطورِ خاص برما اور تھائی لینڈ سے منگوائے گئے تھے۔ ڈالر میں اس کی قیمت 30 لاکھ ڈالر کے برابر ہوگی۔