نیویارک: ہالی وُڈ سپراسٹار بریڈ پٹ اپنے 6 بچوں سے ملاقات کے لیے سابقہ اہلیہ انجلینا جولی کے سامنے درخواست کرنے پر مجبور ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا نے بریڈ کو ان کے بچوں میڈوکس، پیکس، زہارا، شایلو اور 16 سالہ جڑواں بچے نوکس اور ویوان سے دور کردیا ہے۔
اداکار کے ایک ذرائع نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ بریڈ نے اپنے بچوں کے لیے ہار نہیں مانی لیکن انجلینا سے علیحدگی نے ان کے لیے صورت حال کو بہت مشکل بنا دیا ہے، جتنا وقت گزر رہا ہے، ان کے لیے یہ دُکھ بڑھتا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 60 سالہ بریڈ پٹ کے اپنے بچوں کے ساتھ تعلقات پیچیدہ ہیں جب کہ انجلینا کے ساتھ قانونی جنگ تاحال جاری ہے۔ یہی نہیں بلکہ بریڈ پٹ کو یہ بات بھی شدید غم میں مبتلا کررہی ہے کہ ان کے بچوں نے والد کے نام کو اپنے نام سے ترک کردیا ہے، ان کے ایک بچے شایلو نے باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع بھی کیا ہے۔
فی الحال صرف سب سے چھوٹے دو جڑواں بچے ویوین اور نوکس اپنے والد کے ساتھ ملاقات کرتے ہیں جب کہ باقی بچوں اور بریڈ کے درمیان رنجشیں تاحال برقرار ہیں۔
دوسری جانب انجلینا نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ان کے لیے ماں ہونا سب سے اہم ہے اور وہ اپنی زندگی میں سب سے زیادہ خوشی اپنے بچوں میں پاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ بچوں کے لیے کچھ بھی کرسکتی ہیں۔