برلن: جرمنی میں خاتون کی جانب سے اپنی ماں کی لاش گھر میں چھپاکر کئی برس تک پنشن بٹورنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ایک معمر خاتون کی بوسیدہ لاش اُس وقت برآمد کی جب مقامی میئر کی جانب سے مسلسل رابطہ نہ ہونے پر معاملہ مشکوک سمجھا گیا۔
مقامی میئر گزشتہ 8 برسوں سے 1922 میں پیدا ہونے والی صوفی سے سالگرہ کے موقع پر ملنے کی کوشش کررہے تھے، تاہم ہر بار اُن کی بیٹی کرسٹا کسی نہ کسی بہانے سے ملاقات نہیں ہونے دیتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق میئر نے 30 دسمبر 2025 کو پراسیکیوٹر آفس سے رابطہ کیا کیونکہ بیٹی کا یہ دعویٰ مشکوک لگا کہ اُس کی والدہ دو سال قبل چیکیا میں انتقال کرچکی ہیں۔ پولیس نے 5 فروری کو گھر پر کارروائی کے دوران خاتون کی بوسیدہ لاش برآمد کرلی۔
پوسٹ مارٹم میں موت کی وجہ اور وقت کا تعین نہ ہوسکا اور قتل کے شواہد بھی نہیں ملے، تاہم دھوکا دہی کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، کیونکہ خاتون کی تقریباً 1500 یورو ماہانہ پنشن بدستور وصول کی جارہی تھی، پولیس کے مطابق مشتبہ بیٹی اس وقت ایک طبی کلینک میں زیر علاج ہے۔