کراچی: سلطنت برطانیہ پر 70 برس کے طویل عرصے تک راج کرنے والی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم نے دو مرتبہ پاکستان کا دورہ بھی کیا۔
ملکہ الزبتھ دوم نے پہلی مرتبہ اپنے شوہر شہزادہ فلپ کے ہمراہ یکم سے 16 فروری 1961 کو کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور اور شمالی علاقوں کا دورہ کیا۔
اُس وقت صدر ایوب خان کی حکومت تھی۔ سیکیورٹی کے حوالے سے صورت حال معقول تھی اور ملکہ برطانیہ نے کراچی کی سڑکوں پر کار میں بیٹھ کر پورے شہر کا دورہ کیا تھا۔ عوام کا جم غفیر ملکہ کے دیدار کے لیے سڑکوں پر موجود تھا۔
قبل ازیں کراچی پہنچنے پر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا صدر ایوب خان نے پُرتپاک استقبال کیا۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم نے دوسرا اور آخری دورہ پاکستان کی آزادی کی گولڈن جوبلی یعنی 50 سال مکمل ہونے پر اکتوبر 1997 میں کیا تھا، دورے میں ملکہ الزبتھ کے لیے شاہی ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔
آنجہانی ملکہ برطانیہ کو دی گئی دعوت میں اُس وقت کے صدر فاروق احمد خان لغاری، وزیراعظم نواز شریف، اپوزیشن لیڈر بے نظیر بھٹو، چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد، اسپیکر قومی اسمبلی الٰہی بخش سومرو اور دیگر سیاسی رہنما شریک تھے۔