علی گودرز: ایران کے شہری نے کچرے سے ملنے والا ڈالر اور سونے سے بھرا بیگ اصل مالک کو لوٹاکر بڑی مثال قائم کردی۔
بتایا جاتا ہے کہ ایرانی شہری کو سڑک کے کنارے پڑے کچرے سے سونے اور ڈالروں سے بھرا بیگ ملا۔
52 سالہ نامعلوم شہری جو ایرانی شہر علی گودرز کا رہائشی ہے، نے مقامی نیوز کو بتایا کہ میرے والدین نے مجھے بچپن سے سکھایا تھا کہ جب بھی کوئی چیز پڑی ملے، اسے اپنے پاس نہیں رکھنی چاہیے بلکہ اس کے مالک کو واپس کردینا چاہیے۔
شہری کا کہنا تھا کہ مجھے یہ تھیلا سڑک کے کنارے رکھے کوڑے دان میں تلاشی کے دوران ملا۔ اس تھیلے کے اندر سونا اور ڈالرز موجود تھے، جن کی قیمت 20 ارب ریال بتائی گئی ہے۔ میں نے یہ بیگ کچھ دنوں تک اپنے پاس رکھا اور مالک کو تلاش کیا، کیونکہ گناہ کا خوف مجھ پر غالب تھا۔
شہری نے مزید کہا کہ بیگ میں ایک بینک کارڈ بھی تھا، جس کے ذریعے میں مالک کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوا۔ یہ بیگ 50 سال کی ایک خاتون کا تھا جسے ان کے پوتے نے کچرے کا تھیلا سمجھ کر پھینک دیا تھا۔