راولپنڈی: کورکمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پُرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 274 ویں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ فورم نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے سعودی عرب کے پیٹروکیمیکل، صنعتی کمپلیکس پرحالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور تشویش کا اظہارکیا اور کہا کہ ایران کے سعودی عرب پر حملے پُرامن ذرائع سے تنازع کے حل کی مخلصانہ کوششوں کو نقصان پہنچارہے ہیں، سعودی عرب نے سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود اب تک تحمل اور محتاط رویے کا مظاہرہ کیا ہے، سعودی عرب کے اس رویے سے ثالثی اور سفارتی حل کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر حملے ایک غیر ضروری کشیدگی ہیں، اس نوعیت کے حملے اور بلاجواز جارحیتیں جاری پُرامن کوششوں اور سازگار ماحول کو سنگین طریقے سے متاثر کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے مسلح افواج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، آرمی چیف نے آپریشنل کارکردگی، دفاع وطن کے لیے پائیدار انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ حکومت، مسلح افواج، عوام کے تعاون اور ہم آہنگی سے پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان معاشی استحکام کو مضبوط، علاقائی و عالمی سطح پر اپنی حیثیت بہتر بنانے کی جانب گامزن ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ شہدا کی لازوال قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی اساس ہے، بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایماء پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا، دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور معاونین کو بلاامتیاز اور مسلسل تعاقب کے ذریعے ختم کیا جائے گا۔
فورم کا کہنا تھا کہ آپریشن غضب لِلحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی، یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ ہوجائے، پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کےاستعمال کو فیصلہ کن طورپرمکمل ختم کیا جائے گا۔
فورم نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمےکے لیے حکومت کی بھرپورکوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان متحمل مذاکرات،کشیدگی میں کمی اور اصولی سفارت کاری کے لیے پرعزم ہے، ایک ذمہ داراسٹیک ہولڈرکے طورپرپاکستان علاقائی سلامتی کے استحکام کے طور پرفعال ریجنل سکیورٹی اسٹیبلائزرکا کردار ادا کررہا ہے۔
فورم نے بھارت کی جانب سے منسوب مسلسل گمراہ کن معلومات،بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا اور کہا کہ بھارت کے اس طرح کے ہتھکنڈے عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکے ہیں۔
فورم نے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت اموات چھپانےاور جعلی مقابلوں سمیت بھارت کی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کےاختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم وضبط کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنےکی ہدایت کی۔ آرمی چیف نے نئی جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسلح افواج کی ہرقسم کے خطرات کامقابلہ کرنےکی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے پاکستان کی خودمختاری،علاقائی سالمیت یقینی بنانے کی صلاحیت پربھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔