بھارتی بھکاری کروڑوں کی جائیداد کا مالک نکلا

ممبئی: بھارت میں ایک بھکاری ایسا بھی ہے جو تعلیم یافتہ فرد سے کہیں زیادہ کما لیتا ہے، یہی نہیں اس بھکاری کے پاس کروڑوں کی جائیداد بھی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی میں ایک بھکاری نے بھیک مانگ کر ایک کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے کا ایک فلیٹ خرید رکھا ہے جب کہ وہ 2 دکانوں کا بھی مالک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بھکاری کا نام بھرت جین ہے، جس کی کل جائیداد کی قیمت 7 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے ہے۔
بھرت دکانوں سے آنے والے ماہانہ کرایوں سے 30 ہزار بھارتی روپے کماتا ہے جب کہ بھیک مانگ کر روزانہ 2 سے ڈھائی ہزار بھارتی روپے کمالیتا ہے اور یوں اس کی ماہانہ آمدن 60 سے 75 ہزار روپے بھارتی روپے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھرت جین کئی سال سے ممبئی کی سڑکوں پر بھیک مانگ رہا ہے، بھرت جین بچپن میں مالی حالات کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ گیا تھا، جس کے بعد سے اس نے اپنا گزر بسر کرنے کے لیے بھیک مانگنے کا راستہ اختیار کیا۔
بتایا گیا ہے کہ بھرت جین ممبئی کے ایک فلیٹ میں اپنی بیوی بچوں سمیت والدین اور ایک بھائی کے ساتھ رہتا ہے، بھرت کے بچے تعلیم یافتہ ہیں جب کہ اس کے رشتہ دار ریلوے اسٹیشن پر اپنی دکانیں چلاتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھرت جین کو اس کے رشتے دار مانگنے سے منع بھی کرتے ہیں لیکن وہ اپنے پیشے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

Crores propertyIndian beggarMumbai