لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے مشہور ٹک ٹاکر ماہ نور کے قتل کے جرم میں اس کے خاوند کو سزائے موت سنادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج چوہدری شاہد حمید نے کیس کا فیصلے جاری کیا، جس میں بیوی کا قتل کرنے پر مجرم محمد رمضان کو سزائے موت اور 5 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے تمام تر شواہد اور گواہوں کی روشنی میں مجرم کو سزا کا حکم سنایا گیا۔
خیال رہے کہ محمد رمضان نے اپنی بیوی معروف ٹک ٹاکر ماہ نور کو گلا دبا کر قتل کیا تھا، ملزم کے خلاف تھانہ غازی آباد میں 2024 میں مقدمہ بجرم 302 کے تحت درج ہوا تھا۔
دوران سماعت ساجد سعید بھٹی ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے مجرم کے خلاف شہادتیں پیش کیں، پراسیکیوٹر نے 21 گواہان پیش کیے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مجرم خاوند اپنی بیوی کو ٹک ٹاک بنانے سے روکتا تھا، بیوی کے باز نہ آنے پر قتل کر دیا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق مجرم کے خلاف تمام تر شواہد موجود ہیں، جدید ڈیوائسز سے کیس کو ثابت کیا گیا، مجرم اتنا چالاک تھا کہ خود قتل کرنے کے بعد لاش کو اسپتال لے کر پھرتا رہا۔