پشاور: ضلع شانگلہ میں چینی انجینئرز پر حملے میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
تحقیقاتی ٹیم کے ذرائع کے مطابق چند سال قبل داسو میں چینی شہریوں پر حملے کا ذمے دار گروپ ہی شانگلہ خودکُش حملے میں ملوث نکلا۔ حملے کے 3 سہولت کار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ خودکُش بم بار کی گاڑی پٹرول پمپ پر کئی روز کھڑی رہی۔ گاڑی کے حوالے سے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے اہم معلومات حاصل کرلیں، جس ہینڈلر نے گاڑی حاصل کی، سی ٹی ڈی نے اس کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا ہے۔ وفاقی حکومت کو چینی شہریوں پر حملے کی تحقیقات سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔
شانگلہ میں گزشتہ ماہ غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکُش حملے میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔