ایرانی صدر رئیسی و دیگر کی نمازِ جنازہ ادا، لاتعداد افراد کی شرکت

تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور جاں بحق ہونے والے دیگر اعلیٰ حکام کی نماز جنازہ ہزاروں افراد کی موجودگی میں ادا کردی گئی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ دارالحکومت تہران میں ادا کی گئی۔ ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے نماز جنازہ پڑھائی۔ مرحومین کے جسد خاکی کو طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران پہنچایا گیا۔


مرحوم صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین عبداللہیان اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی نماز جنازہ میں کئی ممالک سے آنے والی شخصیات، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کو مشہد میں امام علی رضا کے روضے کے احاطے میں سپردخاک کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 2 روز قبل ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیر خارجہ، گورنر مشرقی آذربائیجان، سپریم لیڈر کے نمائندہ خصوصی، چیف سیکیورٹی گارڈ اور عملے کے 3 ارکان سمیت جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے صدارتی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔
ایران میں صدارتی انتخاب کے لیے 28 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔