کراچی: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا افتتاح کردیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال ترقی کی طرف بہت معاون ہے، آئیڈیاز کا انعقاد باہمی ہم آہنگی اور تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا، اب اتحادی حکومت ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے کام کررہی ہے اور اتحادی حکومت بہت سے چیلنجزسے نبردآزما ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دنیا میں امن کے لیے کام کیا اور کرتا رہے گا، خارجہ پالیسی کے تحت دوسرے ممالک سے تعلقات بہتر کررہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل خطے کی بہتری کے لیے اہم ہے۔
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) کے مطابق آج سے 18 نومبر تک جاری رہنے والی 4 روزہ نمائش میں دنیا کے 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہیں جب کہ رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شریک ہورہے ہیں۔
نمائش میں آسٹریلیا، رومانیہ اور ہنگری پہلی مرتبہ شریک ہوں گے، انتہائی اہم سیمینار انٹیلی جنس ان ڈیفنس مارکیٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
ایکسپو سینٹر کے 6 ہالز کے علاوہ 3 مارکیز بھی قائم کی گئی ہیں، جس میں ایک مارکی کشمیر کے نام سے منسوب ہے جب کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ساحل پر نشان پاکستان کے مقام پر 17 نومبر کو کراچی شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا، سی ویو پر ڈرلز منعقد کی جائیں گی۔
واضح رہے پاکستان میں دفاعی نمائش آئیڈیاز کا آغاز 2000 میں ہوا تھا اور یہ اس کا گیارہواں ایڈیشن ہے۔ 2020 میں عالمی وبا کورونا کے باعث یہ نمائش منعقد نہ ہوسکی تھی۔ 4 سال بعد پاکستان میں دفاعی نمائش جاری ہے۔