اسلام آباد :گندم کی 57 ہزار میٹرک ٹن کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق فی من گندم کی لینڈڈ کاسٹ تقریباً 1880 روپے میں پڑی، ایک من پر 250 سے 300 روپے ٹرانسپورٹیشن اور ہینڈلنگ چارجزالگ سے ہوں گے۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے بتایا کہ گندم پاسکو کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے درآمد کی، پاسکو اور صوبوں کیلئے گندم کی درآمد کی جارہی ہے جبکہ دوسرا جہاز 53 ہزار 912 ٹن گندم لیکر 14 اگست کو پاکستان پہنچے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا رواں مالی سال40 لاکھ ٹن تک گندم درآمد کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ گزشتہ مالی سال حکومت نے 36 لاکھ 12 ہزار 638 ٹن گندم درآمد کی تھی۔
ذرائع کے مطابق رواں سال گندم کی پیداوار 2 کروڑ 72 لاکھ 73 ہزار ٹن رہی، اس مالی سال گندم کی کھپت کا تخمینہ 2 کروڑ 93 لاکھ ٹن لگایا گیا یوں رواں مالی سال کیلئے 20 سے 21 لاکھ ٹن گندم کے شارٹ فال کا تخمینہ ہے