الٹامیرا: برازیل میں ایک بیوٹی کونٹیسٹ (مقابلہ حُسن) کی تقریب میں حصہ لینے والی لڑکی کے والد نے اس وقت ججوں پر گولیاں برسادیں جب بیٹی کو ججوں نے چوتھی پوزیشن سے نوازا۔
برازیل میں منعقد ہونے والا ایک مقامی مقابلہ حسن اس وقت سانحے پر منتج ہوا، جب ایک امیدوار لڑکی کے والد نے ججوں پر گولی چلانا شروع کردی، کیونکہ اس کی بیٹی نے چوتھا مقام حاصل کیا تھا۔
یہ واقعہ الٹامیرا شہر میں “II Baile da Escolha da Rainha” کی مقابلہ حسن تقریب کے اختتام پر پیش آیا۔ مقابلہ ختم ہونے کے قریباً دو گھنٹے بعد شرکاء میں سے ایک کے والد نے اپنی بیٹی کی چوتھی پوزیشن پر آنے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ججوں کے معیار پر سوال اٹھانا شروع کردیے۔
جس مقام پر مقابلہ حسن منعقد ہوا تھا، وہاں پرائیویٹ سیکیورٹی اور ملٹری پولیس کا عملہ موجود تھا، لیکن ناراض والد نے کوئی پروا نہیں کی اور ججوں کی جانب فائر کیے، تاہم ان کی گولی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس سے قبل کسی کو گولی لگتی پولیس نے فوراً جواباً والد پر فائر کیے، جس سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے والد اسپتال میں انتقال کرگئے۔