دادو: ماڈل کرمنل کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل صلاح الدین پنہور کا کہنا ہے کہ کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرداری نظام کے خلاف 3 لوگوں کا دن دہہاڑے قتل ہوا، کیس میں 3 گواہ اور میڈیکل شواہد موجود تھے، اتنے شواہد پر ہماری نظر میں سزا ہوسکتی تھی، فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کریں گے۔
دھیان رہے آٹھ سال پرانے مقدمے میں دو ارکان سندھ اسمبلی سمیت 8 ملزمان نامزد تھے، جن میں چار ملزمان جیل میں اور چار ضمانت پر ہیں۔
ام رباب چانڈیو کے اہل خانہ کے قتل کیس کے فیصلے کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، ڈی ایس پیز سمیت 450 پولیس اہلکار سیکیورٹی کے لیے تعینات کیے گئے تھے، ام رباب چانڈیو کے گھر کے باہر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔ جوڈیشل کمپلیکس آنے جانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
خیال رہے کہ ماڈل کورٹ نے گزشتہ سماعت میں گواہان کے بیانات اور دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔