کراچی: شہر قائد کے مختلف اضلاع میں آشوب چشم کے امراض میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ شعبہ امراض چشم سول اسپتال پروفیسر مظہرالحق نے کہا کہ کراچی میں آشوب چشم کے امراض میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پروفیسر مظہرالحق کے مطابق کراچی کے مختلف اضلاع میں ہر عمر کے افراد آنکھوں کی بیماری کا شکار ہورہے ہیں، آنکھوں کا یہ مرض ایک سے دوسرے فرد میں پھیلتا ہے۔
انہوں نے بیماری کی علامات بتاتے ہوئے کہا کہ اس بیماری کی عام علامات میں آنکھوں سے پانی آنا، سرخ ہونا اور خارش ہونا شامل ہیں جب کہ چشمہ لگانے سے مرض کے پھیلاؤ میں فرق نہیں پڑتا۔
سربراہ امراض چشم سول اسپتال نے حفاظتی تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ آنکھوں سے نکلنے والی رطوبت اچھی طرح صاف کرنا لازمی ہے، متاثرہ فرد ٹشو یا صاف و نرم کپڑے سے آنکھیں صاف کرے۔
انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ متاثرہ فرد اپنا تولیہ، صابن اور تکیہ الگ رکھے۔
واضح رہے کہ ہر کچھ سال بعد یہ وبا تیزی سے پھیلتی اور بڑی تعداد میں عوام کو متاثر کرتی ہے۔