کراچی: سندھ حکومت نے کفایت شعاری پالیسی نافذ کرتے ہوئے دکانیں اور شاپنگ مالز رات جلد بند کرنے کا اعلان کردیا۔
حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹس، ہوٹلز اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کردیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کردیے جائیں گے جب کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے۔
اس کے علاوہ ہوٹلز اور فوڈ آؤٹ لیٹس شام 7 سے رات 11:30 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، تاہم ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات کی اجازت ہوگی۔
تاہم تندور، ملک شاپس، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پٹرول پمپس پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری سے متعلق ہدایات کا اطلاق فوری ہوگا۔
دھیان رہے کہ وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے مطابق پنجاب اور بلوچستان کی حکومت پہلے ہی مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کرچکی ہیں۔