لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم نے اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو نیا آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ صدر کو آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس کی سمری بھجوادی گئی، لہٰذا صدر اس کی توثیق کریں تاکہ کوئی تنازع کھڑا نہ ہو۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ صدر مملکت کی عمران خان سے مشاورت پر کمنٹ نہیں کروں گا، اس پر ٹویٹ کیا ہے، ایئرفورس، نیوی اور آرمی کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، امید ہے صدر اس چیز کو متنازع نہیں بنائیں گے اور ایڈوائس کی منظوری دے دیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا وہ بہترین پیشہ ورانہ کیریئر کے حامل ہیں، فور اسٹار جنرلز کی تعیناتی کی سینیارٹی لسٹ میں جنرل عاصم منیر پہلے نمبر پر تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نے کور کمانڈری کی، وہ آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہ رہے جب کہ انہوں نے آفیسرز ٹریننگ اسکول سے تربیت مکمل کی۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر 2014 میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا تعینات ہوئے اور 2017 میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے جب کہ عاصم منیر کو اکتوبر 2018 میں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر جون 2019 میں کور کمانڈر گوجرانوالا کے عہدے پر تعینات ہوئے، وہ اکتوبر2021 سے جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر حافظ قرآن ہیں، انہوں نے بطور لیفٹیننٹ کرنل مدینہ منورہ میں تعیناتی کے دوران 38 سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کیا جب کہ انہیں دوران تربیت اعزازی شمشیر سے بھی نوازا گیا۔
جنرل عاصم منیر پہلے آرمی چیف ہوں گے جو ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی میں رہ چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیریئر کا آغاز 8 سندھ رجمنٹ سے کیا اور وہ پی ایم اے سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شامل ہیں جب کہ فور اسٹار جنرلز کی تعیناتی کی سینیارٹی لسٹ میں جنرل ساحر دوسرے نمبر پر تھے۔
ساحر شمشاد مرزا نے بطور لیفٹیننٹ کرنل، بریگیڈیئر اور میجر جنرل ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں خدمات انجام دیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا ستمبر 2021 سے کور کمانڈر راولپنڈی ہیں، وہ جون 2019 میں چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے جب کہ مختصر مدت کے لیے ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو بھی رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اکتوبر 2018 میں وائس چیف آف جنرل اسٹاف تعینات ہوئے، انہوں نے 2015 تا 2018 ڈی جی ملٹری آپریشنز خدمات انجام دیں، ساحر شمشاد مرزا نے بطور لیفٹیننٹ کرنل، بریگیڈیئراور میجر جنرل ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں خدمات انجام دیں۔
ساحر شمشاد اس وقت پاک فوج کی ٹین کور راولپنڈی کے کور کمانڈر ہیں
لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز سپروائز کیے اور وہ انٹرا افغان ڈائیلاگ میں بھی متحرک کردار ادا کرتے رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا گلگت بلتستان اصلاحات کمیٹی کا بھی حصہ رہے، انہوں نے جی او سی 40 انفنٹری ڈویژن اوکاڑہ میں بھی خدمات انجام دیں، وہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کے دور میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز رہے۔
ساحر شمشاد اس وقت پاک فوج کی ٹین کور راولپنڈی کے کور کمانڈر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

Asim MunirChairman Joint Chiefs of Staff Committee appoint DecisionDecision to appointLt. General Sahir Shamshad MirzaNew Army Chief