ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 4300 ہوگئی

انقرہ/ دمشق: قیامت خیز زلزلے نے ترکیہ اور شام میں بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں مچائی ہیں۔ ترکیہ (ترکی) اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 4 ہزار 300 سے بڑھ گئی ہے، ملبے میں پھنسے زندہ افراد کو بچانے کے لیے ریسکیو ورکرز کی کوششیں جاری ہیں، زلزلے کے بعد سے اب تک 120 سے زائد آفٹر شاکس آچکے ہیں۔
شدید سردی اور بعض علاقوں میں برف باری کے باعث متاثرین کو کٹھن حالات کا سامنا ہے اور آفٹرشاکس کے باعث لوگ شدید خوف زدہ بھی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا، جس نے مزید تباہی پھیلائی۔
ترکیہ اور شام میں کم و بیش 5 ہزار 600 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا، زلزلے سے ترکیہ میں 2 ہزار 921 جب کہ شام میں ایک ہزار 420 افراد جان سے گئے، مجموعی طور پر 16 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق پیر کی صبح 4 بج کر 17 منٹ پر آیا، جب لوگ گہری نیند میں تھے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انتپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی، اس صوبے کی آبادی قریباً 20 لاکھ ہے اور یہ صوبہ شام کے قریب ہے، جس کی وجہ سے شام میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی مچی۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، جھٹکوں کے باعث لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، شام، اردن، لبنان اور فلسطین میں بھی محسوس کیے گئے۔
ترک صدر نے ترکیہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ملک بھر میں ایک ہفتے کے سوگ کا بھی اعلان کیا ہے، ترکیہ میں ایک ہفتے تک پرچم سرنگوں رہے گا، 13 فروری تک اسکول بند کردیے گئے ہیں، غازی انتپ اور حاطے ایئرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق زلزلے نے شام میں بھی شدید تباہی مچائی ہے، جہاں عمارتیں گرنے سے سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

شامی حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور لتاکیہ میں محسوس کیے گئے، زلزلے کے باعث ایک ہزار 420 افراد جان سے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان لے کر خصوصی طیارہ ترکیہ روانہ ہوگیا ہے، ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سی ون تھرٹی طیارے میں پاک فوج کی سرچ اور ریسکیو ٹیم کے ہمراہ تین ٹن امدادی سامان بھی موجود ہے، آج صبح بھی ایک پرواز 15 ٹن امدادی سامان اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو لے کر ترکی روانہ ہوئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی استنبول (ترکیہ) کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پروازیں ہیں جو حکومتی امدادی اقدامات کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہوں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کردی ہے جس کے تحت پی آئی اے کی استنبول اور دمشق جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت ہے۔
ترجمان کے مطابق سامان این ڈی ایم اے کے ذریعے پی آئی اے کے کارگو ٹرمینل پر پہنچایا جاسکتا ہے، پی آئی اے وسیع تر قومی مفاد میں ہمیشہ اپنی خدمات پیش کرتا کرتا ہے جو ہمارا قومی فریضہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ سندھ حکومت نے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک لاکھ ٹینٹ ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

earthquakeSyriaTurkey