کراچی: سمندری طوفان شہر قائد سے دُور ہونا شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان اسنیٰ کے حوالے سے چھٹا الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کے ساحل سے شمال مشرقی بحیرہ عرب پر آنے والا سمندری طوفان اسنیٰ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران مغرب کی طرف بڑھا، جس کے بعد اس کا کراچی سے فاصلہ تقریبا 200 کلومیٹر ہوگیا جب کہ ٹھٹھہ سے 180 کلومیٹر رہ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی مقام اورماڑہ سے طوفان کا فاصلہ 250 کلومیٹر جب کہ گوادر سے 440 کلومیٹر ہے۔ سمندری غیر معمولی سرگرمی ابتداء میں مغرب/ شمال مغرب اور پھر مغرب/جنوب مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے ممکنہ اثرات کے باعث کراچی ڈویژن، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹی ایم خان، ٹی اے یار، مٹیاری، جام شورو اور 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے ضلع دادو میں 31 اگست تک جب کہ بلوچستان کے اضلاع حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں ایک ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔ شدید بارشوں سے مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر بہت زیادہ ناہموار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ پی ایم ڈی کا سائیکلون وارننگ سینٹر، کراچی اس کی قریب سے نگرانی کررہا ہے۔