کور کمانڈر کانفرنس میں بحالی معیشت کیلیے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کا عزم

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 258ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خاص طور پر نئی تشکیل دی جانے والی فیسلیٹیشن کونسل، زراعت، کان کنی، معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے اقدامات پر ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر فورم نے دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر سپاہیوں کی مسلسل قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جب کہ کانفرنس میں شرکا کو داخلہ سلامتی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر گروہوں کے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پر افسوس کا اظہار کیا گیا جب کہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ معروضی تریبت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

Armi Chief General Asim MunirCorp Commanders ConferenceEconomicRecovering Providing All possible Support