نئے مالی سال کا 14 ہزار 500 ارب کا بجٹ آج پیش ہوگا

اسلام آباد: 14 ہزار 500 ارب روپے کا نئے مالی سال کا بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار بجٹ تجاویز ایوان میں پیش کریں گے، وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1150 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جو رواں سال کے مقابلے میں 31 فیصد زیادہ ہوگا، اس میں پارلیمنٹیرینز کی تجویز کردہ اسکیموں کے لیے 90 ارب روپے مختص کیے جارہے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکس آمدن کا قریباً 80 فیصد قرض اور سود کی ادائیگیوں میں چلا جائے گا، قرض اور سود کی ادائیگیوں کے لیے 7300 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 430 ارب، 1300 ارب کی سبسڈی اور دفاع کے لیے 1800 ارب مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی ترقیاتی بجٹ 2500 ارب روپے کا ہوگا، جو رواں مالی سال کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے۔
صوبائی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1350 ارب روپے ہونے کا امکان ہے، سندھ کا ترقیاتی بجٹ 40 فیصد اضافے سے 617 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جب کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کا عبوری بجٹ 4 ماہ کے لیے تجویز کیا جارہا ہے۔
پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 426ارب روپے اور خیبر پختونخوا کا268 ارب روپے تجویز کیا جا رہا ہے، بلوچستان کا ترقیاتی 248 ارب روپے تجویز کیاجائے گاجوکہ موجودہ سال کی نسبت 65 فیصد زیادہ ہے۔
بجٹ میں درآمدات کا ہدف 58.70 ارب ڈالر اور برآمدات کا حجم 30 ارب ڈالر مختص کیا جارہا ہے جب کہ تجارتی خسارہ 28.70 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔

budgetFinance Minister Ishaq DarPakistantoday