برلن: پانی کے پائپ کے ذریعے خود نہانے والی ایشیائی ہتھنی نے سب کو حیران کرڈالا۔ جرمنی کے چڑیا گھر میں رہنے والی اس ہتھنی کو نہانے کی ملکہ کا نام دے دیا گیا ہے۔
میری نامی ہتھنی کو برلن کے چڑیا گھر میں اپنی سونڈھ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے جسم کو پائپ سے دھوتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہاں تک کہ ہاتھی نے یقینی بنانے کے لیے کہ کوئی جسم کا حصہ رہ نہ جائے، اپنی ٹانگوں کو اٹھاکر پیٹ پر بھی پانی ڈالا۔ محققین نے اسے نفیس طرز عمل قرار دیا۔
تاہم ایک اور قریبی ہتھنی انچلی میری کی اس غیر معمولی مہارت سے حسد کرنے لگی اور اس نے اس کے خوش کن غسل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جس نے سائنس دانوں کو حیران کردیا۔
انچلی نے اپنی سونڈھ کا استعمال کرتے ہوئے پانی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے پائپ کو پکڑا اور اس پر دباؤ ڈال کر پائپ کو بلاک کردیا۔
برلن کی ہمبولڈ یونیورسٹی کے محققین کے مطابق دونوں جانوروں نے اپنی سونڈھوں کا استعمال کرتے ہوئے غیر متوقع رویے کا مظاہرہ کیا۔ یہ ایک ایسا ہنر ہے جسے انسانوں کے لیے منفرد سمجھا جاتا تھا لیکن حال ہی میں چمپینزی، کوے، ڈولفن اور اب ہاتھیوں میں دیکھا گیا ہے۔