دبئی/ تہران: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران میں اپنے سفیر کی واپسی کا اعلان کردیا۔
بیرون ممالک کے میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یو اے ای کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران میں یو اے ای کے سفیر سیف محمد الزابی کو جلد آنے والے دنوں میں واپس تہران بھیجا جائے گا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران میں متحدہ عرب امارات کے سفیر کی واپسی 6 سال بعد ہورہی ہے جو یو اے ای کی جانب سے ایران سے بہتر تعلقات کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
یو اے ای کی وزارت خارجہ نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ امارات کی ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات کی کوششوں کا مقصد خطے میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کا حصول ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے اماراتی اور ایرانی وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو پروان چڑھانے پر بات ہوئی۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 2016 میں تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔