نکاراگوا جانے والے مسافر کو ایئرلائن نے جاپان پہنچادیا

واشنگٹن: غیر معمولی فضائی واقعے میں یونائیٹڈ ایئرلائنز کا مسافر اپنی مطلوبہ منزل کے بجائے دوسرے ملک جا پہنچا۔
امریکی ریاست سے تعلق رکھنے والا یہ مسافر لاس اینجلس سے نکاراگوا کے شہر ماناگوا کے لیے روانہ ہونا تھا مگر غلطی سے ایسی پرواز میں سوار ہوگیا جو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو جارہی تھی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر کو اس غیر متوقع صورت حال کا اندازہ دورانِ پرواز ہوا۔ اس نے عملے سے سوال کیا کہ ہیوسٹن کا سفر تین گھنٹے کے بجائے 6 گھنٹے کیوں لے رہا ہے۔ تب جا کر اسے معلوم ہوا کہ وہ غلط طیارے میں سوار ہے اور اس کی پرواز کا رخ بالکل مختلف سمت میں ہے۔
طیارہ بالآخر ٹوکیو کے ہنیڈا ایئرپورٹ پر اترا، جہاں مسافر کو دو راتیں ہوٹل میں قیام کرنا پڑا۔ بعدازاں ایئرلائن کی جانب سے اس کے آئندہ سفر کا بندوبست کیا گیا تاکہ وہ اپنی اصل منزل تک پہنچ سکے۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنی نے ایئرپورٹ انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے تاکہ یہ سمجھا جاسکے کہ مسافر غلط پرواز میں کیسے سوار ہوگیا۔ ترجمان کے مطابق مسافر سے معذرت کی گئی اور اسے معاوضے کی پیشکش بھی کی گئی۔
ابتدائی طور پر ایئرلائن نے 300 ڈالر کا سفری کریڈٹ بطور معافی دینے کی پیشکش کی، تاہم بعد میں یہ رقم بڑھا کر ایک ہزار ڈالر کردی گئی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کو چاہیے کہ وہ بورڈنگ گیٹ پر نصب نشانات اور اعلانات پر توجہ دیں تاکہ اس بات کی تصدیق ہوسکے کہ وہ درست پرواز میں سوار ہورہے ہیں۔

bound for Nicaragua to Japan insteadpassengerUnited AirlinesUSA