واشنگٹن: پاکستانی فلموں کی مقبول اداکارہ ریما خان کی ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی 13ویں سالگرہ کی پروقار اور رنگارنگ تقریب امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی سفیر سمیت مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔
ریما خان اور دل کے ڈاکٹر طارق شہاب کی شادی 22 نومبر 2011 کو ہوئی تھی، شادی کی سالگرہ تقریب میں پاکستانی اور امریکی دوستوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس تقریب میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور اُن کی اہلیہ لبنیٰ شیخ، امریکا کے معروف تاجر سیمان اور اُن کی اہلیہ ارم، مشہور اینٹی ڈیکوریٹر فاخرہ خالد اور اُن کے دوستوں، ٹی سی ایف کوآرڈی نیٹر برائے امریکا شمی قدوائی اور شکیل قدوائی نے شرکت کی۔
سندھ کے سابق وزیر صحت سعد خالد نیاز کی ہمشیرہ شہاب صائمہ ناز، واشنگٹن ڈی سی کے ممتاز اینستھیاسیالوجسٹ ڈاکٹر طلحہ صدیقی، واشنگٹن ڈی سی کے ممتاز تاجر شفقت چوہدری اور اُن کی اہلیہ ثروت شفقت، ڈاکٹر صبا نواب اور ڈاکٹر حبیب چھوٹانی، آصفہ بٹ اور میڈی سولو کے ڈاکٹر زاہد بٹ بھی تقریب میں نمایاں رہے۔
ریما خان کی شادی کی سالگرہ تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر بھارت کے شہر حیدرآباد سے اُن کے خاندانی رشتے دار شہنور خان اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوئے، شرکت کرنے والے زیادہ تر لوگوں نے اس تقریب کو سب سے زیادہ دلکش تقریب قرار دیا۔
ایک مہمان کا تقریب کے حوالے سے کہنا تھا کہ جس ہال میں تقریب منعقد ہوئی وہاں مہمانوں میں پیار و محبت عروج پر تھا، ہال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔
ادھر ڈاکٹر طارق شہاب نے ریما کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ریما ایک عظیم انسان ہیں اور وہ انہیں اپنی زندگی میں پاکر بہت خوش قسمت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریما کی ایک دوست نے مجھ سے کہا کہ طارق بھائی! آپ نے جیک پاٹ جیت لیا ہے۔ جس سے وہ خود بھی متفق ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریما خان عجز و انکساری کا پیکر ہیں، ان کی ہم سفر نے کبھی یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ ایک مشہور شخصیت ہے، وہ پہلے دن سے ہی اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ بہت خوبصورتی سے گھل مل گئیں۔
اس موقع پر اداکارہ ریما خان نے کہا کہ طارق کو اپنی زندگی میں پا کر وہ خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں، طارق نے والد کی دیکھ بھال کیسے کی جب وہ کووڈ میں مبتلا تھے اور پچھلے سال جب ان کے دل کے والوو کی سرجری ہوئی تھی، ان کے والد طارق کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے اور اُنہیں خوب دعائیں دیتے ہیں حتیٰ کہ اپنے بچوں سے بھی زیادہ پیار دیتے ہیں۔