اسلام آباد: وزیراعظم نے 2020 سے 2025 تک کے لیے ٹیکسٹائل پالیسی کے مسودے کی منظوری دے دی۔
وزارت تجارت ٹیکسٹائل ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسٹائل پالیسی منظوری کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے، ٹیکسٹائل پالیسی منظوری کے لیے آئندہ ہفتے ای سی سی کو بھجوائی جائے گی۔
دستاویزی پالیسی میں 2025 تک ٹیکسٹائل برآمدات 20 ارب 80 کروڑ ڈالرتک لے جانے، بجلی اور گیس کے ٹیرف کم کرنے، ٹیکسٹائل سیکٹر کی مشینری کے لیے لانگ ٹرم فنانسنگ بڑھانے اور نئی منڈیوں تک رسائی سمیت ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ پر فوکس کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
دستاویز میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو بجلی 9 سینٹ سے کم کرکے 7.5 سینٹ، آر ایل این جی گیس 6.5 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو، قدرتی گیس 786 روپے ایم ایم بی ٹی یو اور 2025 تک مین میڈ فائبر 30 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک استعمال کرنے اور مارک اپ کی شرح 5 فیصد تک برقرار رکھنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔