واشنگٹن: امریکا کی ریاست ٹیکساس کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو تاریخ کی دوسری سب سے بڑی آگ قرار دے دیا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس کے جنگلات میں لگی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس نے اب چھوٹے قصبوں اور مویشیوں کی چراگاہوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق آگ کے سبب ساڑھے 8 لاکھ ایکڑ رقبہ جل کر خاکستر ہوگیا ہے، فائر فائٹرز کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جب کہ آگ کے سبب بزرگ خاتون کے ہلاک ہونے کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ آگ کے سبب گورنر ٹیکساس نے گزشتہ روز 60 کاؤنٹیز کو آفت زدہ قرار دے دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ ریاستی تاریخ میں ریکارڈ کی گئی سب سے بڑی آگ 2006 کے ایسٹ امریلو کمپلیکس کی آگ تھی، جس نے قریباً 1400 مربع میل اراضی کو جلادیا تھا اور اس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔