ٹیکساس: ٹیسلا کمپنی نے انسان نما اے آئی ربورٹ بنانے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسٹار لنک سیٹلائٹ، دماغی چپ اور خودکار ٹیسلا کار بنانے والی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی انسان نما (ہیومونائڈ) روبوٹ پر کام شروع کردیا ہے اور اس روبوٹ کو ٹیسلا نے آپٹیمس کا نام دیا ہے۔
ٹیسلا کے مطابق اسمارٹ روبوٹ خطرناک اور بار بار انجام دیے جانے والے اکتاہٹ بھرے کاموں کو انجام دے سکے گا۔ آپٹیمس کی اونچائی 173 سینٹی میٹر اور وزن 57 کلوگرام کےقریب ہوگا۔
ربورٹ کو حرکت دینے کے لیے 40 ایکچوایٹرز نصب کیے جائیں گے۔ تمام ایکچوایٹرز برقی مقناطیسی انداز میں کام کرتے ہوئے روبوٹ کے مختلف حصوں کو حرکت دیں گے۔ آپٹیمس کا چہرہ نقش سے عاری ہے اور کپڑوں کی دکان پر رکھے مجسمے کی طرح دکھائی دیتا ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق یہ حتمی ڈیزائن نہیں کیونکہ چہرے پر ڈسپلے ظاہر کیا جائے گا۔
ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلن مسک نے کہا ہے کہ اگلے سال روبوٹ کا پہلا نمونہ سامنے آجائے گا اور وہ 20 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت کا حامل ہو گا۔
ایلن مسک نے اپنی کمپنی میں یومِ مصنوعی ذہانت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روبوٹ میں ٹیسلا گاڑیوں کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائے گا کیونکہ اس ٹیکنالوجی کی آزمائش پہلے ہی کی جاچکی ہے۔
ایلن مسک نے اپنے انسانی روبوٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے چلنے کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رکھی گئی ہے اور اسے کمزور بنایا گیا تاکہ انسان اس پر وقت پڑنے پر قابو پاسکیں۔