سری نگر: بھارتی فوج کی ریاستی جارحیت کے باعث مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع سوپور میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
بھارتی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین کو ہراساں کیا، بچوں اور بزرگوں کو ڈرایا دھمکایا گیا اور نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مسلح تھے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم شہید نوجوانوں کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے سرکاری جھوٹ کا پردہ فاش کردیا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔