راولپنڈی: کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشت گرد گلزار امام کو سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا، گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بی این اے، بلوچ ری پبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے وجود میں آئی تھی، بلوچ نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں دہشت گرد حملوں کی ذمے دار ہے، گلزار امام 2018 تک بلوچ ری پبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلزار امام بلوچ راجی آجوئی سانگر کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا، وہ بلوچ راجی آجوئی سانگر کا آپریشنل سربراہ بھی رہا، گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گلزار امام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، اس کے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جارہی ہے۔