پنجگور میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملہ، ایک جوان شہید

کوئٹہ: پنجگور کے سرحدی علاقے میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کا جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک ایران سرحد کے ساتھ واقع پنجگور کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی پارٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک جوان شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دشمن عناصر کی جانب سے ایسے حملوں کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے، سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی کارروائیوں کو شکست دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ وطن عزیز پچھلی دو دہائی کے دوران بدترین دہشت گردی کا شکار رہا۔ افواج پاکستان نے مختلف آپریشنوں کے ذریعے ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے کافی حد تک پاک کیا، تاہم اب بھی دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیاں کر گزرتے ہیں، تاہم افواج پاکستان ملک کے دفاع کے لیے دن رات کوشاں اور اس کی ضامن ہے۔ دشمن کسی بھی طور یہاں کامیاب نہیں ہوسکتے، اُنہیں ہمیشہ منہ کی ہی کھانی پڑے گی۔

Panjgoresecurity forcesTerrorist attack