کراچی: "جنسی بنیاد پر تشدد اور کم عمری کی شادیوں کی ذمے دارانہ رپورٹنگ اور نمائندگی پر قومی میڈیا فیلوشپ” کی دس روزہ ورکشاپ ہفتہ کو کراچی میں اختتام پذیر ہوئی۔
فیلوشپ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (NCSW) کا فلیگ شپ میڈیا اقدام ہے اور اسے اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ (UNFPA) اور سینٹر فار ایکسیلنس ان جرنلزم (CEJ) IBA کی حمایت حاصل ہے۔
ورکشاپ میں ملک بھر سے GBV اور بچوں کی شادی کے مسائل پر رپورٹنگ کرنے والے 40 صحافیوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں ملک کے تمام صوبوں کی نمائندگی تھی۔ صحافی انگریزی، اردو اور علاقائی میڈیا اور پرنٹ، ریڈیو، ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے تعلق رکھتے تھے۔
شرکاء کو جی بی وی اور کم عمری کی شادی کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور ٹرینرز نے اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح حساسیت اور ذمے داری کے ساتھ ان علاقوں کے بارے میں رپورٹنگ کی جائے۔ شرکاء کو موبائل جرنلزم، ڈیٹا جرنلزم اور ڈیجیٹل جرنلزم جیسی مہارتیں بھی سکھائی گئیں۔
این سی ایس ڈبلیو نے 2022 میں جی بی وی اور چائلڈ میرج پر پہلی نیشنل میڈیا فیلوشپ شروع کی جو کامیابی کے ساتھ 162 جی بی وی اور کم عمری کی شادی کی کہانیوں کے ساتھ تمام میڈیم میں شائع ہوئی۔ یہ اس اقدام کا دوسرا گروہ ہے۔