دنیا کے سرد ترین شہر میں درجہ حرارت منفی 50، معمولات زندگی جاری

یاکوتسک: یہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ روس کی وفاقی خودمختار اکائی سخا جمہوریہ کا دارالحکومت یاکوتسک دُنیا کا سرد ترین شہر ہے، سردی اتنی زیادہ اس بار پڑی ہے کہ وہاں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، لیکن معمولات زندگی پھر بھی رواں دواں ہیں۔ ایسے حیرت انگیز شہر اور یہاں کے باسیوں کے معمولات زندگی پر مشتمل وائرل ہونے والی تصاویر نے سب کو حیران کردیا۔

روس کے مشرق بعید کے پرما فراسٹ پر ماسکو سے 5,000 کلومیٹر کی دوری پر واقع یاکوتسک کے باسیوں کے لیے جمادینے والی سردی کا موسم معمولات زندگی میں آڑے نہیں آتا، یہاں کے باسی اس سخت موسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور اس میں جینے کا ڈھنگ سیکھ چکے ہیں۔

ویسے تو اس شہر میں منفی 40 ڈگری معمول کی بات ہے، لیکن زمین کے سرد ترین شہر یاکوتسک میں رواں موسم سرما غیر معمولی ثابت ہورہا ہے اور اس طویل سردی کی لہر کے نتیجے میں اس ہفتے درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سیلسیس تک گرگیا جس نے ہر شے کو جما کر رکھ دیا۔

اس کے باوجود اس شہر کی گلیاں آباد اور بازار پُررونق ہیں۔ صبح صبح شہریوں کو ٹھٹھرتے ہوئے کام پر جاتے دیکھا جا کتا ہے۔ بچے بھی اس سرد موسم میں باہر نکلنے سے باز نہیں آتے اور گھر کے باہر کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔
سرد ترین موسم کا مقابلہ یہاں کے باسی کئی تہوں پر مشتمل گرم ملبوس سے کرتے ہیں۔ یاکوتسک کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس شدید سردی سے آپ لڑ نہیں سکتے البتہ اس موسم میں خود کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے سب سے ضروری چیز لباس کا انتخاب ہے جس کے لیے 2 اسکارف، 2 جوڑے دستانے، متعدد ٹوپیاں اور ہڈز شامل ہونا چاہیے۔ یہاں موسم پورے جنوری سرد ترین رہے گا۔
دنیا کے سرد ترین شہر کے باسیوں نے یہ کلیہ سچ ثابت کردیا کہ انسان خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور خود کو درجہ حرارت کے مطابق ڈھال لیتا ہے۔

Normal life ContinuesRussiatemperature Minus 50World coldest Cityyakotsik