اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تحریک لبیک پر پابندی کی سمری منظور کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نےتحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی سمری منظور کرلی ہے، جس کے بعد وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجی گئی سرکلر سمری وفاقی کابینہ نے بھی منظور کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی اور پابندی کی منظوری انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دی گئی ہے۔
سمری میں ہے کہ تحریک لبیک کی پُرتشدد کارروائیوں سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 580 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی 30 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، تحریک لبیک کے 2063 کارکن گرفتار اور 115 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے جب کہ اس کی سفارش پنجاب حکومت نے کی تھی۔