کابل: افغانستان کی طالبان حکومت نے اقوام متحدہ میں سفیر کی تعیناتی کے لیے ایک بار پھر درخواست دے دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کی سابق حکومت کے سفیر نے اقوام متحدہ میں نشست چھوڑ دی ہے، جس کے بعد طالبان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ سے اپنا سفیر بھیجنے کی اپیل کی ہے۔
طالبان رہنما اور اقوام متحدہ کی نشست کے لیے طالبان کے نامزد سفیر سہیل شاہین نے کہا کہ یہ نشست اب افغانستان کی نئی حکومت کو ملنی چاہیے۔ یہ اقوام متحدہ کے تشخص کا معاملہ ہے۔ افغانستان میں موجودہ حکومت خودمختار ہے۔
طالبان نے 20 ستمبر کو اقوام متحدہ سے سہیل شاہین کو افغانستان کے نئے نمائندے کے طور پر تسلیم کرنے کی درخواست کی تھی جسے اقوام متحدہ نے رد کردیا تھا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے افغان نمائندے کو سفیر تسلیم نہ کیے جانے پرطالبان نے اقوام متحدہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
طالبان نے اگست میں افغانستان میں اقتدارسنبھالا، تاہم انہیں اب تک کسی حکومت نے تسلیم نہیں کیا ہے۔