لاہور: (ن) لیگی رہنما طلال چوہدری کی سیاست پر تاحیات پابندی عائد کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔
قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ (ن)لیگ کے سابق وزیر طلال چوہدری نے اپنی ہی پارٹی کی معزز خاتون رکن قومی اسمبلی کو تنظیم سازی کی آڑ میں رات تین بجے ہراساں کیا، ان کی اس حرکت پر خاتون رکن کے بھائیوں نے ان کی ہڈیاں توڑ دیں۔
قرارداد کے مطابق طلال چوہدری اس واقعے سے قبل بھی خواتین کو ہراساں کرنے کے مرتکب ہوتے رہے ہیں، وہ خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کرنے میں مشہور ہیں، (ن) لیگ کے اکابرین نے کبھی ان کی شرم ناک حرکات کا نوٹس نہیں لیا جو قابل مذمت ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے ایوان کا (ن) لیگ کے اکابرین خصوصاً مریم صفدر سے مطالبہ ہے کہ طلال چوہدری کو معزز خاتون رکن قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے پر پارٹی سے فوری نکالا جائے، یہ ایوان الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ طلال چوہدری کی سیاست پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔