سانحہ قلات میں زخمی صابری قوال گروپ کا طبلہ نواز ہاتھ سے محروم ہوگیا

کراچی: سانحہ قلات میں زخمی ہونے والا صابری قوال کا طبلہ نواز ایک ہاتھ سے محروم ہوگیا، ڈاکٹرز نے ہاتھ میں گولی لگنے کے بعد زہر پھیلنے کے پیش نظر شہباز کا ہاتھ کاٹ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ قلات میں صابری قوال گروپ کی بس پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا طبلہ نواز ایک ہاتھ سے محروم ہوگیا جس کے بعد اب وہ کبھی اپنے فن کا مظاہرہ نہیں کرسکے گا۔
شہر کی نجی قوالی کی محفلوں میں طبلے پر تھرکتی ان کی انگلیوں سے پیداہونے والے ساز و آواز کا ایک زمانہ معترف تھا، پاکستان کےعلاوہ خلیجی ممالک میں شہبارکی فن کی دھوم رہی ہے۔
اسپتال کے بستر پر آہنی شکنجے میں جکڑے محروم ہاتھ اور پلاسٹر میں بندھے دوسرے ہاتھ کے ساتھ لیٹے شہباز کے چہرے پر خاموشی، آنکھوں میں نمی اور سوال ہے کہ اب طبلہ کیسے بجے گا، کیا زندگی کا ساز بجھ گیا؟۔
دہشت گردی کےاندوہناک واقعے میں زخمی ایک اورقوال وارث صابری بھی موت وزیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں، موت کا انتہائی قریب سے مشاہدہ کرنے والا متاثرہ خاندان تاحال کسی بھی حکومتی امداد سے مکمل محروم ہے۔
یہ سانحہ قلات سےغالباََ کچھ روز پہلے تک کی بات ہے، جب سب کچھ ٹھیک تھا، ایسے میں شہرکی نجی محفلوں میں روشنیوں اوردیگرسازندوں کے آلات موسیقی کی تیز آوازوں کے درمیان ماجد علی صابری قوال گروپ کے طبلہ نواز شہباز کی دوران پرفارمنس ایک خاص اہمیت ہوا کرتی تھی، کیونکہ قوالی کی ان محفلوں میں طبلے کی مسلسل ومخصوص اندازمیں متحرک انگلیوں کے ذریعے سروتال کا ایک ایسا سماں بندھ جاتا تھا، جو شرکا محفل کو جھومنے پر مجبور کردیتا تھا۔

Kalat IncidentLoses HandSabri BrothersTabla PlayerTerrorist attack