لاہور: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں کردی گئیں۔ سابق کپتان سرفراز احمد، فخر زمان اور حیدر علی کی واپسی ہوئی ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا، جس کے لیے قومی ٹیم میں تبدیلیاں کردی گئی ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اعلان کیا کہ ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل اعظم خان، محمد حسنین کی جگہ سرفراز احمد اور حیدرعلی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جب کہ فخر زمان کو خوشدل شاہ سے تبدیل کرکے پندرہ رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔
دوسری جانب کمر کی تکلیف میں مبتلا صہیب مقصود کا اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ میڈیکل ایڈوائس پر کیا جائے گا۔ ٹاپ آرڈر بیٹر کی لوئر بیک کا ایم آر آئی اسکین 6 اکتوبر کو کروایا گیا تھا۔
15 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی،
حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)،
شاہین شاہ آفریدی، صہیب مقصود شامل ہیں۔