لاہور: سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کا نائب کپتان بننے سے انکار کردیا، جس پر پی سی بی نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے لیے نائب کپتان مقرر نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے شاہین آفریدی کو نائب کپتان بنانے کی پیشکش نہیں کی، اگر کسی کو نائب کپتان لگانا ہوتا تو قومی اسکواڈ کے ساتھ ہی اعلان کیا جاتا، بابراعظم قومی ٹیم کے بااختیار کپتان ہیں۔
دوسری جانب کئی میڈیا پلیٹ فارمز پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو نائب کپتانی کی پیشکش کی تھی، تاہم انہوں نے عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔
دھیان رہے کہ دورۂ نیوزی لینڈ میں شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شاہین آفریدی کو قیادت سے ہٹاکر بابراعظم کو دوبارہ کپتان مقرر کیا تھا۔