دبئی: آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کی میزبانی کرنے والے آسٹریلیا کے 7 شہروں کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس کا آغاز آئندہ سال 16 اکتوبر سے ہوگا اور ایونٹ 13 نومبر تک جاری رہے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا کے ان 7 شہروں کا اعلان کردیا ہے جہاں ورلڈکپ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 45 میچز ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنلز 9 اور 10 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جائیں گے جب کہ ایونٹ کے فائنل کا میدان میلبورن اسٹیڈیم ہوگا۔
آئی سی سی کے مطابق آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، افغانستان، انگلینڈ، بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقا آئندہ ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچنے کے لیے سب سے زیادہ رینکنگ رکھنے والی ٹیمیں ہیں۔
اس کے علاوہ نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز گروپ ون کے میچز کھیلیں گے۔