ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان کے ہاتھوں بنگلادیش کلین سوئپ

لاہور: تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹ سے ہراکر کلین سوئپ کردیا۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلادیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
بنگلادیش کا آغاز شاندار رہا، پرویز حسین اور تنزید حسن نے 110 رنز کی انتہائی مستحکم بنیاد رکھی۔ تنزید 42 اور پرویز 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، لیکن اس کے بعد آنے والے بیٹرز بڑا اسکور نہ بناسکے۔
لٹن داس نے 22 اور توحید ہری دوئے نے 25 رنز بنائے، بنگلادیش کا اسکور 6 وکٹ پر196 رنز رہا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 38 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی نے 26 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
197 رنز کے تعاقب میں صاحبزادہ فرحان تو پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے، لیکن پھر محمد حارث نے صائم ایوب کے ساتھ رنز بڑھائے، صائم نے چار چھکے لگائے اور 29 گیندوں پر 45 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
پھر حسن نواز آئے اور انہوں نے بھی 13 گیندوں پر 26رنز جڑ دیے۔ دوسری جانب سے محمد حارث چھکے چوکے لگاتے اور رنز بڑھاتے رہے۔ حارث نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، وہ پاکستان کی جانب سے اوپنرز کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنانے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے۔
پاکستان نے ہدف اٹھارہویں اوور میں تین وکٹ پر پورا کردیا اور تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل کیا۔ محمد حارث 107 رنز اور سلمان آغا15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بعدازاں محمد حارث کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور وہ مین آف دی سیریز کے حق دار بھی ٹھہرائے گئے۔

Bangladesh Visit PakistanClean SweepPakistan wins All MatchesT20 Series